صوبہ سرحد کے جنوبی ضلعے ہنگو میں مبینہ طالبان عسکریت
پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی اتوار کے روز بھی جاری رہی۔فوج کے
ترجمان نے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران 15 شر پسند ہلاک اور 60 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دوسری طرف ہنگو میں مقامی حکام نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی
فورسز نے نواحی علاقے توراواڑائی میں گھر گھر تلاشی کے دوران مبینہ طالبان عسکریت پسندوں کے گھروں کو دھماکا خیز مواد
سے اُڑا دیا ہے، اس کے ساتھ تورا واڑائی، زر گری، دو آبہ اور ناریاب میں سیکورٹی
فورسز کے دستے مسلسل گشت کر رہے ہیں۔
حکام نے فرنٹیر کانسٹیبلری کے ایک قلعے پر عسکریت پسندوں کے
حملے کو پسپا کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ دوآبہ میں کرفیو بدستور نافذ ہے اور مبینہ
عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کی تلاش جاری ہے۔
ادھر ہنگو شہر میں گزشتہ 11 دنوں سے جاری کرفیو میں نرمی کی گئی
ہے، تاہم سڑکوں پر آمد و رفت مکمل طور بند ہے۔
خیال رہے کہ اس فوجی آپریشن سے قبل طالبان عسکریت
پسندوں نے دو آبہ پولیس سٹیشن کا محاصرہ کرکے سیکورٹی فورسز کے 29 اہل کاروں سمیت تقریباً 50افراد کو اغوا کر کے یرغمال بنا لیا تھا۔ حکام نے
ابھی تک یرغمالوں کی بازیابی کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔