چین کے عہدے داروں نے کہا ہےکہ اگر اولمپکس کھیلوں کے دوران
فضائی آلودگی جاری رہی تو وہ بیجنگ کی سڑکوں پر مزید کاروں کی آمد پر پابندی لگاسکتے
ہیں اور مزید کارخانے بند کرسکتے ہیں۔
سرکاری اخبار’چائنا نیوز‘ نے ماحولیات کو محفوظ بنانے سے
متعلق بیجنگ کے بیوروکے حوالے سے لکھاہے کہ انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ اس سے قبل
اٹھائے گئے سخت اقدامات دارالحکومت پر چھائی ہوئی دھند ہٹانے میں ناکام رہے ہیں۔
پچھلے ہفتے چین نےشہر کی انتہائی آلودہ ہوا کو صاف کرنے کی
کوشش میں دس لاکھ سے زیادہ کاروں پربیجنگ کی سڑکوں پرآنے پر پابندی لگادی تھی۔
اس مہینے کے آغاز میں بہت زیادہ آلودگی پیدا کرنے والے تین
لاکھ ٹرکوں کوبیجنگ کی سڑکوں پر آنے سے
روک دیا گیا تھا۔شہر اور قریبی صوبوں میں تعمیراتی منصوبے اور زیادہ آلودگی
پیداکرنےوالے کارخانوں کو بھی بند کردیا گیاہے۔