اس سال دوسری دفعہ نیو یارک کے سٹی ہال میں پاکستان کا یومِ آزادی منایا گیا۔ تقریب کے میزبان کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی برادری نے کتنی مثبت پیش رفت کی ہے۔ تقریب کے آغاز میں امریکی اور پاکستانی قومی ترانوں کے علاوہ تلاوت قران پاک اور نعت بھی پڑھی گئی۔
سٹی کونسل کی سپیکر کرسٹین کوئن اور کونسل کے رکن ہائرام مونسرات نے اس تقریب کے اہتمام میں پاکستانی برادری کی مدد کی تھی۔
تقریب میں نیو یارک سٹی کونسل کے کئی ارکان کے علاوہ پاکستان کے کونسل جنرل محسن رضی نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں لوگ پاکستانی ملبوسات میں نظر آ رہے تھے اور کئی بچوں نے چہروں پر پاکستانی جھنڈے بنا رکھے تھے۔
پاکستانی برادری کے ایک فعال رکن نے کانگریس مین ہائرام مونسرات کو متعارت کراتے ہوئے انہیں پاکستانی پورتوریکن امریکی کا خطاب دیا۔ اور بتایا کہ کونسل مین مونسرات کی کوششوں سے کوئینز اور جیکسن ہائیٹز کے سکولوں میں مختلف زبانوں کے مترجموں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ وہ والدین جو انگریزی نہیں بول سکتے اپنے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں سے آگاہ رہ سکیں۔
کونسل مین نے اپنے خطاب میں کہا کمیونٹی کے تمام ممبران کی شرکت سے ہی کمیونٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔