ماؤنواز پراچندا کی جیت: پیر کو نیپال کے وزیرِ اعظم کا حلف اُٹھائیں گے
پرویز حفیظ کلکتہ August 16, 2008
نیپال کے نئے منخب وزیر اعظم پراچندا
کیمونسٹ پارٹی آف نیپال (ماؤ نواز)کے چیرمین پُسپہ کمل دَہل پَراچندا کے نیپال کا وزیرِ اعظم منتخب ہونے کے ایک دن بعد حکمراں اتحاد وزارتی قلمدانوں کی تقسیم میں مصروف ہے۔
حکمراں اتحاد میں تین بڑی جماعتیں کیمونسٹ پارٹی آف نیپال ( ماؤنواز)، کیمونسٹ پارٹی آف نیپال (یو ایم ایل) اور مدھیسی جانادھیکر فورم (ایم جے ایف)اور چند چھوٹی جماعتیں شامل ہیں۔
اصولی طور پر اتحاد میں اِس بات پر اتفاقِ رائے قائم ہوچکا ہے کہ ماؤ نوازوں کو نو، یوایم ایل کو چھ اور مدھیسی فورم کو چار وزارتیں ملیں گی۔بقیہ چار وزارتیں چھوٹی سیاسی پارٹیوں کے درمیان تقسیم کی جائیں گی۔
ابھی تک ماؤ نوازوں کو مالیات اور دفاع کی وزارتیں سونپی جا چکی ہیں ۔ کئی ماہ تک چلنے والے سیاسی تنازعے کے بعد جمعے کی شام نیپال کی دستور ساز اسمبلی میں ہونے والے خصوصی انتخاب میں پراچندا کو وزیرِ اعظم منتخب کر لیا گیا تھا۔
پراچندہ نے 464ووٹ حاصل کیے جب کہ اُن کے حریف نیپالی کانگریس کے شیر بہادر دیوبا کو صرف 113ووٹ ملے۔
پراچندا پیر کے دِن نیپال کے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔