عراقی حکام کا کہنا ہے کہ بغداد کے ایک سنّی علاقے میں ہونے خود کش حملے میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آدھامیا ضلعے میں واقع ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس چیک پوائنٹ پر وہ لوگ ڈیوٹی دے رہے تھے ، جو القاعدہ سے منحرف ہوکر حکومت کے حامی ہو گئے تھے۔ اس حملے میں امریکی حمایت یافتہ ملیشیا کے ایک لیڈر سمیت چھ باڈی گارڈ ہلاک ہوئے، ان کے علاوہ کچھ عام شہری بھی اس حملے کی زد میں آگئے۔
دوسری طرف امریکی فوج کا کہنا ہے کہ دیالہ صوبے میں امریکی اور عراقی فوج نے سڑک کے کنارے کئی بم برآمد کیے ہیں۔ فوج کے مطابق ان بموں کا مقصد انتہا پسندوں کی سرکوبی کرنے والے فوجی دستوں کی پیش قدمی کو سست کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ امریکی زیرِ قیادت اتحادی فوجوں نے آج اتوار کے روز وسطی اور شمالی عراق میں 8 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔