اقوامِ متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر تہران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بات چیت کے لیے ایران پہنچ گئے ہیں۔
اولی حینین اس ماہ ایرانی عہدے داروں کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے پیر کے روز تہران پہنچے۔
ایران پر جوہری افزودگی کی سرگرمیاں روکنے کے بارے میں سلامتی کونسل کے اقدامات کی تعمیل میں ناکامی کے بعد اقوامِ متحدہ کی جانب سے تین مراحل میں پابندیاں لگائی جاچکی ہیں۔اقوامِ متحدہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نےاپنا جوہری پروگرام منجمد نہ کیا تو اس پر پابندی کا چوتھا سیٹ نافذ کردیا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ اسے بجلی پیدا کرنے کے لیے جوہری پروگرام کی ضرورت ہے لیکن امریکہ سمیت اس پر نکتہ چینی کرنے والوں کو خدشہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کررہا ہے۔
ایران کے جوہری معاملات پر عمل درآمد کے بارے میں اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ مئی میں جاری ہوئی تھی جس میں ایران کے ہتھیاروں کی تحقیق پر خدشے کا اظہار کیا گیا تھا۔ اگلی رپورٹ ستمبر میں جاری ہوگی۔