محمد آصف کے بارے میں فیصلہ پی سی بی کے نئے چیرمین کریں گے: شفقت نغمی
سردار خان کراچی August 29, 2008
پاکستان سپورٹس بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر شفقت نغمی نے کہا ہے کہ بھارت میں آئی پی ایل کا ڈرگ ٹربیونل ڈوپ میں ناکام شدہ محمد آصف کو جو بھی سزا دے گا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے قابلِ قبول ہوگی۔
شفقت نغمی نے مزید کہا کہ چونکہ نسیم اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی کے لیے نئے چیرمین کی تقرری نہیں کی گئی ہے، لہٰذا، دبئی میں گرفتاری کے معاملے میں محمد آصف کے خلاف کوئی بھی فیصلہ پی سی بی کے نئے چیرمین اپنی تقرری کے بعد کریں گے۔
یاد رہے کہ اِس سال جون میں محمد آصف کو مبینہ طور پر منشیات رکھنے کے الزام میں دبئی حکام نے 19دِن تک حراست میں رکھا تھا جِس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی تین رکنی انکوائری کمیٹی نے محمد آصف کے معاملے میں سفارشات تیار کی ہیں جِس کی روشنی میں پی سی بی کے نئے چیرمین محمد آصف کے خلاف یا اُن کے حق میں کوئی فیصلہ کریں گے۔
دوسری طرف پی سی بی کے سابق عہدے دار عارف عباسی نے چمپینز ٹرافی کے التوا پر عالمی تنظیم آئی سی سی کے کردار اور التوا کے اثرات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی بڑی بات ہے کہ ابھی تک آئی سی سی نے ٹورنامنٹ پاکستان میں برقرار رکھا ہے اور اس کا مقام نہیں بدلا۔
اِسی دوران اگرچہ کرکٹ کے میدان میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اُٹھتے رہے ہیں، تاہم رومانس کے میدان میں وہ ٹاپ فارم میں نظر آتے ہیں۔