وزیر اعظم اولمرت اور صدر محمود عباس کے درمیان مذاکرات اتوار کو
August 29, 2008
اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرت اور فلسطینی صدر محمود عباس امن معاہدے کے قریب پہنچنے کی امید میں دوبارہ مذاکرات کریں گے۔
فلسطینی مذاکرات کار صائب ارکات نے جمعے کے روز کہا کہ دونوں راہنماؤں کی اتوار کے روز یروشلم میں ملاقات ہو گی۔ وزیر اعظم ایہود اولمرت کے ایک ترجمان نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
دونوں راہنماؤں کے درمیان اس سے قبل چھ اگست کو ملاقات ہوئی تھی اور اسرائیل خیر سگالی کے اظہار کے طورپر فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے پر رضامند ہوگیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ کانڈولیزا رائس نے اس ہفتے کے شروع میں اسرائیلی اور فلسطینی عہدے داروں سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ یہ دونوں فریقوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ صدر بش کے جنوری میں اپنے عہدے سے سبک دوش ہونے تک معاہدے پر دستخط کردیں۔
جمعرات کے روز اپنے لبنان کے دورے کے دوران صدر محمود عباس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی مذاکرات کاروں سے لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات پر بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے وطن واپس آنے کا حق حاصل ہے۔