وزیرا عظم یو سف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار اورپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی سرگرمیاں وزیراعظم ہاؤس تک محدود کر دی ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ بیان ذرائع ابلاغ میں آصف علی زرداری کے حوالے سے شائع ہونے والی ان خبروں کے بعدآیا جن میں یہ کہا گیا تھا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث چند روز قبل آصف علی زرداری اسلام آباد میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ ”زرداری ہاوس“ سے وزیراعظم ہاؤس منتقل ہو گئے ہیں۔
اس حوالے سے آصف علی زرداری کے ترجمان جمیل سومرونے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کی قیادت کو ہمیشہ سے سلامتی کے خطرات لاحق رہے ہیں اور ان کے بقول خاص طور پر پیپلز پارٹی کی مقتول چیئرپرسن بے نظیر بھٹوکے قتل کے بعد صورت حال مزید پریشان کن ہو گئی ہے۔
جمیل سومرو کے بقول پارٹی رہنماؤں کے مشورے کے بعد پارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو پرائم منسٹرہاؤس تک محدود کر دیا ہے۔انہوں نے ان اطلاعات کو مسترد کیا ہے کہ کسی تازہ دھمکی کے بعد آصف علی زرداری نے اپنی سیاسی سرگرمیاں وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ ادھر یہ اطلاعات بھی ہیں کہ نواب شاہ میں واقع آصف علی زرادی کی ذاتی رہائش گاہ کو بھی مستقبل کے صدر کی رہائش گاہ جانتے ہوئے ، سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری چھ ستمبر کوہونے والے صدارتی انتخاب میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، اور ان کی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ آصف علی زرداری کو واضح عددی برتری حاصل ہے اور چھ ستمبرکو ان کے صدر منتخب ہونے کا قوی امکان ہیں۔