ایران میں چارہزار جوہری سینٹری فیوجز کام کررہے ہیں: نائب وزیر خارجہ علی رضا
August 29, 2008
ایرانی نائب وزیر خارجہ علی رضا شیخ نے کہا ہے کہ ایران میں اس وقت چارہزار جوہری سینٹری فیوجز کام کررہے ہیں۔انھوں نے یہ دعویٰ جمعے کے روز ایرانی سرکاری میڈیا کے سامنے یہ کہتے ہوئے کیا اور کہا کہ ایران کی مرکزی جوہری تنصیب نطنز میں مزید تین ہزار سنٹری فیوج جلد نصب کردیے جائیں گے۔
سینٹری فیوجز یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں۔
ایران بار ہا یہ کہہ چکا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام کا مقصد بجلی پیدا کرنا ہے۔ مگر ناقدین بشمول امریکہ کو یہ اندیشہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اعلیٰ معیار کی افزدوہ یورینیم کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بین الاقوامی عہدےداروں کا اس سے قبل یہ اندازہ تھا کہ ایران اپنی جوہری تنصیب نطنز میں یورینیم کی افزودگی کے لیے35 سو سینٹری فیوج استعمال کررہا ہے۔
اپریل میں صدر احمدی نژاد نے چھ ہزار نئے سینٹری فیوجز نصب کرنے کا اعلان کیا تھا۔