روس نے الزام لگایا ہے کہ سات اہم صنعتی ملکوں کا گروپ جی سیون روس کی جانب سے جارجیا کے الگ ہونے جانے والے حصوں جنوبی اوسیتیا اور ابخازیہ کو تسلیم کیے جانے کے اقدام کی مذمت کرکے تعصب برت رہا ہے۔
روس کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کے روز کہا کہ جی سیون کا بیان جارجیا کی جارجیت کے عمل کودرست قرار دینا ہے۔
اس ہفتے کے شروع میں جی سیون کے وزرائے خارجہ نے کہا تھا کہ روس کی جانب سے جنوبی اوسیتیا اور ابخازیہ کو تسلیم کیے جانے سے علاقے میں امن اور سیکیورٹی کے بارے میں روسی وعدے کے متعلق سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔
ایک اور خبر کے مطابق امریکہ نے روسی وزیر اعظم ولادی میر پوٹن کے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ جارجبا کےبحران میں امریکہ کا ہاتھ ہے۔
سی این این کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم پوٹن نے کہا تھا کہ امریکہ نے اپنے صدارتی امیدوار کے مفاد میں الگ ہوجانے والے علاقے جنوبی اوسیتیا پرحملے میں جارجیا کی حوصلہ افزائی کی تھی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان ڈینا پرینو نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیر اعظم پوٹن کا دعویٰ درست نہیں ہے۔