بلجیئم کے حکام نے ملک کے جنوبی حصے میں واقع ایک ریسرچ لیبارٹری سے تابکار مواد کے اخراج کا علم ہونے کے بعد سیفٹی الرٹ جاری کیا ہے۔
بلجیئم اور یورپی یونین کے حکام نے یہ معلوم ہونے کے بعد جمعے کے روز احتیاطی اقدامات کیے کہ فلیورس قصبے میں واقع اس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی لیبارٹری سے تابکار آئیوڈین خارج ہوکر اردگرد کے علاقے میں پھیل رہا ہے۔احتیاطی اقدام کے طورپر شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مقامی طورپر پیدا ہونے والے پھل، سبزیاں اور دودھ کی مصنوعات استعمال نہ کریں۔
حکام تاب کار مواد کے اخراج کی وجوہ کے بارے میں تحقیقات کررہے ہیں۔ اب تک کسی کے تابکار مواد سے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔