نواز لیگ کے وزرا کے استعفے منظور کر لیے جائیں گے: وزیرِ اعظم گیلانی
قیصر محمود کراچی August 29, 2008
وزیرِ اعظم گیلانی
وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے وزرا کے استعفے منظور کرلیے جائیں گے۔
دو روزہ دورہٴ کراچی پر پہنچنے پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ استعفے منظور کرنے کی درخواست پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان نے کی تھی۔
’اُنہوں نے درخواست کی کہ ہمارے استعفے منظور کریں۔ تو میں نے اُن سے یہی کہا تھا کہ آپ کی پارٹی کا اصولی موقف ہے تو میں آپ کے استعفے منظور کروں گا۔‘
وزیرِ اعظم گیلانی نے ملک کو درپیش مسائل میں امن و امان اور معیشت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کو بد امنی سے نقصان پہنچ رہا ہے، اِس لیے امن و امان ہماری پہلی ترجیح ہے۔ ’یہ میری اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کی زندگی اور ملکیت کی حفاظت کو یقینی بناؤں، جو کہ ریاست کا بنیادی فرض ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری وزیرِ اعظم ہاؤس کو سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ اُن کی نقل و حرکت میں سیکیورٹی اہم ہے۔