سونیا گاندھی پر فلم بنانے کے لیے کئی فلم ساز کوشاں ہیں
کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کاشمار دنیا کی اُن چند سیاسی ہستیوں میں ہوتا ہے جن کی زندگی پرمبنی فلم بنانے کےلیے ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں کے فلم ساز کوشاں رہتے ہیں ۔ بالی وڈ فلم ساز ٹھاکر دنیش کمار خوش قسمت ہیں کہ تین سال کے لمبے انتظار کے بعد آخرکار سینسر بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے فلم ’سونیا سونیا ‘کی ریلیز کو ہری جھنڈی دکھا دی ۔ فلم اِس سال 14 نومبر کو جواہر لال نہرو کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز ہوگی ۔
’ سونیا سونیا‘ 2005ء میں سینسر بورڈ کے پاس آئی تھی تاہم بورڈ نے دنیش کمار کو فلم کی ریلیز سے قبل سونیا گاندھی سے اجازت لینے کے لیے کہا ۔ دنیش کے مطابق انھوں نے کانگریس صدر کو چِٹھی بھیجی تھی تاہم سونیا گاندھی نے کبھی اُن سے رابطہ قائم نہیں کیا ۔جس کے بعد فلم کے ہدایت کار نے انصاف کے لیے بمبے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ قانونی جنگ جیتنے کے بعد دنیش نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ سینسر بورڈ نے فلم سونیا سونیا میں نو جگہ کاٹ چھانٹ کرکے اُسے نمائش کے لیے پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔
واضح رہے کہ دنیش پہلے فلم ساز نہیں ہیں جنھیں سونیا گاندھی پر بنی اپنی فلم کی ریلیزکے لیےسیاسی پارٹی کانگریس کی مخالفت کوعدالت میں چیلنج کرنا پڑا ۔ گذشتہ کئی برسوں سےمشہور فلم ساز جگموہن موندھرا بھی سونیا کی زندگی پر فلم بنانا چاہتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی اُنہیں بھی فلم بنانے سے روکنے کے لیے قانونی نوٹس جاری کرچکی ہے ۔ بعدازیں سونیا گاندھی سے کئی ملاقاتوں کے بعد آخرکار موندھرا فلم کے لیے کانگریس کی رضامندی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ موندھرا کی فلم سونیا کی عکس بندی اگلے سال 2009ء میں شروع ہوگی ۔