بھارتی صدر پرتیبھا پٹیل آشا بھوسلے کو اعلیٰ شہری اعزاز پدم بھوشن سے نواز رہی ہیں
سروں کی ملکہ اور ہندی فلم انڈسٹری کی شان گلوکارہ آشا بھوسلے نے پرسوں اپنی 75 ویں سالگرہ منائی۔ اور اس موقعے پر آشا نے اپنے گائے ہوئے رومانٹک نغموں کا البم ’پری شیس پلاٹینیم‘ کااجرا کیا۔ ممبئی میں اپنے پیڈر روڈ کے گھر میں آشا نے اپنے بچوں کے ساتھ اپنی زندگی کا یہ خاص دن بڑی سادگی سے گزارا۔پچھلی چھ دہائی سے فلمی دنیا سے اپنی آواز کے ذریعے جڑی آشا نے بالی وڈ کو ’دم مارو دم‘، ’پیا تواب تو آجا‘،’چُرا لیا ہے تم نے‘ اور ’جائیے آپ کہاں جائیں گے‘جیسے کی خوبصورت اور یادگار گانے دیے۔ اِس میں کوئی دو آرا نہیں ہو سکتیں کہ اپنے فلمی کیرئیر میں 12 ہزار سے زائد ہندی اور مراٹھی گانے گا چکی آشا کا شمار دنیا کے چوٹی کے گلوکاروں کی فہرست میں ہوتا ہے۔ آشا نے مدھو بالا، آشاپاریکھ،نوتن، ریکھا، ہیلن، زینت امان، مادھوری ڈکشت، کاجول،کرشمہ کپور، ارمیلا ماتونڈکر کے علاوہ گذشتہ چھ عشرے کی تمام بڑی ہیروئینوں کے لیے آشا بھوسلے نےگانےگائے۔ آشا نے 1943ء میں دس سال کی کمسن عمر میں اپنا پہلا گانا مراٹھی فلم ’ماجھا بال‘ کے لیے گایا۔ جس ذمانےمیں آشا نے گائیکی کی دنیا میں قدم رکھا وہ دور ثریا، گیتادت، شمشاد بیگم اور لتا منگیشکر کا تھا۔ بالی وڈ میں اِن عظیم گلوکاروں کے درمیان اپنی ایک پہچان بنانا آشا کے لیے بہت بڑا چیلینج تھا۔ نیا دور، تم سا نہیں دیکھا، چلتی کا نام گاڑی، یادوں کی بارات، تیسری منزل، امراؤ جان اور اجازت جیسی فلموں میں یادگارگانے گاکر آشا نے ثابت کر دیا کہ وہ بالی وڈ میں لمبی پاری کھیلنے کی غرض سے آئیں ہیں۔ آشا بھوسلے کی گائیکی کو ایک نئی سمت دینے میں موسیقار آر ڈی برمن اور او پی نئیر کا بہت بڑا ہاتھ تھا۔ 60 اور 70 کے عشرے میں آشا نے آر ڈی برمن کے ساتھ کئی ہٹ گانے گائے۔ اِن دونوں کی جوڑی اتنی مشہور ہوگئی کہ آشا نے آر ڈی برمن سے 1980ء میں شادی کر لی۔ یہ آشا کی دوسری شادی تھی۔ آشابھوسلے کی پہلی شادی لتا منگیشکرکے سیکریٹری گنپت راؤ سے ہوئی تھی تاہم تین بچوں کے باوجود آشا اپنی پہلی شادی کو ٹوٹنے سے نہیں بچا سکیں۔ اپنے فلمی کیرئیر میں ہندی فلم انڈسٹری کی خدمات کے لیے آشا کو دادا صاحب پھالکےاور پدما وی بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ فلموں میں گائیکی کے علاوہ آشا نے کئی غزلیں، بھجن اور پرائیویٹ البم بھی ریلیز کیے ہیں۔ 2006ء میں آشا نے اپنے البم’ آشااینڈ فرینڈز‘ کے لیے آسٹریلیاکے تیز گیند باز بریٹ لی کے ساتھ بھی ایک گانا گایا تھا۔