فلم ساز گولڈی بہل کی فلم ’درونا‘ اپنی ریلیز سے قبل ہی فلم بینوں کے لیے دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ فلم کے اشتہارات میں ابھیشیک بچن کے ساتھ ساتھ فلم میں ولین کا رول کر رہے اداکار کے کے مینن کے لُک کو بھی لوگ کافی پسند کر رہے ہیں۔ اور کیوں نہ کریں آخر کار اپنی فلم کے ولین کو ایک منفرد اسٹائل دینے کے لیے گولڈی نے 22 کروڑ روپیے خرچ کیے ہیں۔ اِس سے قبل بالی وڈ میں کسی بھی فلمساز نے ا تنی بڑی رقم ایک ولین کے کپڑوں اور لُک پر خرچ نہیں کی ہے۔
فلم درونا دو اکتوبر کو پوری دنیا میں ریلیز ہورہی ہے۔ فلم کے ہدایت کار گولڈی بہل اداکارہ سونالی بیندرے کے شوہر ہیں اور یہ فلم اُن کا اب تک کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے۔ فلم میں ابھیشیک کے ساتھ پرینکا چوپڑا، جیا بچن اور کے کے مینن اہم رول میں نظر آئیں گے۔ بقول گولڈی اُن کی فلم حقیقی دنیا سے دور ایک خیالی مگر ایکشن سے بھرپور سنیما ہے جس میں اگر ابھیشیک سُپر ہیرو کا رول کر رہے ہیں تو کے کے مینن بطور ولین اُتنے ہی وزنی اور مضبوط کردار میں نظرآئیں گے۔
فلم کی ہیروئن پریانکا چوپڑا
فلم درونا میں ولین کا نام ’رز‘ ہے۔ اس کے کردار کو فلمی پردے پر اتارنے کے لیے گولڈی نے 22 کروڑ روپیے خرچ کیے ہیں جو اپنےآپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ یہ پہلی بار نہیں جب کوئی فلم ساز ہیرو، ہیروئن کے ساتھ ولین کے کپڑوں، میک اپ، اور دوسرے لوازمات پر پر پیسہ پانی کی طرح بہا رہا ہے۔ اس سے قبل 1980ء میں فلم ’شان‘ کے ولین شاکال اور 1987ء میں مسٹر انڈیا کے ولین موگیمبو کے کپڑوں اور لُک پر بڑی محنت کی گئی تھی اور کثیر سرمایہ خرچ کیا گیا تھا۔
بھلا فلموں کا شوقین کون سا شخص ایسا ہے جسے موگیمبو کے بالوں کا اسٹائل اور اُس کا محل نما گھر نہیں یاد ہوگا اور فلم شان کے شاکال کی ہاتھوں کی انگوٹھیاں اور اُس پانی کے تالاب کو کون بھلا سکتاہے جس میں شاکال مگرمچھ پالتاہے، اور اپنے دشمنوں کو تالاب میں مگرمچھ کی غذا کے طور پر ڈالتا ہے۔
درونا کے ولین رز رائے زادہ
فلم درونا میں بھی ولین کے رہائشی اڈے کی فلم بندی چیک ری پبلک کی راج دھانی پراگ کے ایک محل میں کی گئی ہے، جسے گولڈی نے چند مہینوں کے لیے کرائے پر لیا تھا۔ فلم میں ولین کے کردار رز پر سو سے بھی زائداسپیشل ای فیکٹ کے مناظر فلمائے گئے ہیں۔ کے کے مینن کے مطابق فلم میں اُن کا کردار جادوئی طرز کا ہے جس کی اپنی الگ دنیا ہے۔
فلم کے ولین کی فوج تیار کر نے کے لیے 200 سے زائد ایکسٹراز بھرتی کیے گئے اور گولڈی نے پراگ میں اس فوجِ ظفر موج کے ساتھ تقریبا دو ماہ تک شوٹنگ کی۔