امیتابھ ’بگ بیز ڈین‘ میں پہلی بار ہاٹ سیٹ پر نظر آئیں گے
ڈھائی سال سے زائد عرصے تک ٹیلی ویژن کی دنیا سے دور رہنے کے بعد بالی وڈ کے صف اول کے اداکار امیتابھ بچن نےچھوٹے پردے پر واپسی کا بگل بجا دیا ہے۔ اپنے نئے شو’ بِگ بیز ڈین ‘کے ذریعے وہ ایک بار پھر ٹی وی کے کروڑں ناظرین سے جڑنے کی کوشش کریں گے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ امیتابھ کے ساتھ جونیئر بچن بھی پہلی بار ٹی وی پروگرام میں میزبان کا کردار اداکرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
امیتابھ کا نیا ٹی وی شو’ بِگ بیز ڈین ‘19 ستمبر جمعے کےروز این ڈی ٹی وی امیجن چینل پر شروع ہوگا۔ تین حصوں پر مشتمل اِس سیریز کی پہلی قسط میں میزبانی کے فرائض ابھیشیک بچن انجام دیں گے جب کہ ہاٹ سیٹ پر خود امیتابھ براجمان ہوں گے۔ یہ پہلی بارہے جب ابھیشیک کسی ٹاک شو میں ہاٹ سیٹ پر بیٹھنے کی بجائے سوالات پوچھتے نظرآئیں گے۔
بچن خاندان حال ہی میں مغربی ممالک کے کئی شہروں میں اپناکامیاب ’اَن فار گیٹیبل ‘ اسٹیج شو کرنےکے بعد ممبئی لوٹا ہے۔ اِس اسٹیج شو میں پریتی زینٹا، مادھوری ڈکشٹ، شیلپا شیٹھی،ریتیش دیشمکھ اور موسیقار وشال شیکھرجیسے بالی وڈ کے چوٹی کے ستارے بھی بچن خاندان کے ساتھ تال سے تال ملاتے نظر آئے۔ امیتابھ اپنے نئے ٹی وی شو’بِگ بیز ڈین‘ میں ’ان فار گیٹیبل ‘ ٹور کاحصہ بنے ساتھی اداکاروں سے خاص بات چیت کریں گے اور ٹور کے دوران اُن کے اچھے برے تجربات کو اپنے ٹی وی شوکےذریعے لوگوں کے سامنے پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ 90 کی دہائی میں جب امیتابھ کافلمی کیرئیر زوال سےگذر رہا تھا تب ٹیلی ویژن کوئز شو ’کون بنےگا کروڑپتی‘نے امیتابھ کو ایک مرتبہ پھر بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ تاہم 2005ء میں کوئز شو کا پہلا سیزن ختم ہو گیا۔ اور اب ایک بار پھر امیتابھ اپنے نئے شو ’بِگ بیز ڈین ‘ کے ذریعے بالی وڈ کی اُن معروف شخصیات کو لوگوں کے سامنے روبرو کرائیں گے جو کہ اُن کے ان فارگیٹیبل ٹور کا حصہ تھیں۔