وسیم اکرم اب بلے بازوں کی بجائے حسیناؤں کے فٹ ورک پر نظر رکھیں گے
پاکستان کے سابق کپتان اور تیز گیندباز وسیم اکرم بہت جلد سابق مس یونیورس اور بالی وڈ ہیروئین سشمیتا سین کے ساتھ بھارتی ٹیلی ویژن پرڈانس ریئلیٹی شو میں جج کے فرائض انجام دیتے نظر آئیں گے۔ کلرز چینل پر 26 ستمبر سےشروع ہونے والے اِس نئے شو کانام ’ایک کھلاڑی ایک حسینہ ‘ ہے۔ اداکارہ سندھیا مریدل اِس شو کو ہوسٹ کریں گی۔
یہ پہلی بار ہے جب وسیم اکرم کسی بھارتی ٹی وی چینل پر ڈانس شو میں حصہ لینے والوں کے لیے جج کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اِس پروگرام کے اشتہار کلرز چینل کے علاوہ خبروں کے چینلز پر بھی دکھائے جا رہے ہیں۔
کرکٹ کی دنیا سے ریٹائرمنٹ کے بعد عموما کرکٹ کھلاڑی کسی کھیلوں کے چینل کے لیے کمینٹری دیتے ہیں یا پھر کوچنگ کے ذریعے کرکٹ سے جڑے رہتے ہیں۔ پراب بدلتے زمانے کے ساتھ کرکٹ کھلاڑیوں کی سوچ بھی بدل رہی ہے۔ تبھی تو سلطان آف سوئنگ کے نام سے مشہور وسیم اکرم اب کرکٹ کے میدان کےساتھ ساتھ ڈانس فلور پر تھرکنے والے قدموں پر بھی اپنی نظر رکھیں گے۔
کلرز چینل کے سی ای او راجیش کامت کو یقین ہے کی ’ایک کھلاڑی ایک حسینہ‘اپنی نوعیت کا انوکھا ڈانس شو ہے جسے کرکٹ کے شیدائیوں کے ساتھ گلیمر کے دیوانےسبھی لوگ پسند کریں گے۔ اِس نئے ڈانس شو میں مقابلہ کرکٹ کھلاڑیوں اور چھوٹے پردے کی اداکاراؤں کے درمیان ہوگا۔
وسیم اکرم جیسے معروف کھلاڑی کو ریئلیٹی ڈانس شو ’ایک کھلاڑی ایک حسینہ ’ میں شامل کر کے اِس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ ناظرین اِس نئے ریئلیٹی شو کو اگر ڈانس کے لیے نہیں تو اپنی اِن سوئنگ یارکر گیند بازی کے لیے مشہور اکرم کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ضرور دیکھے گے۔
وسیم اکرم تو اِس ڈانس شو میں جج کی کرسی سنبھالیں گے ہی، پر بھارتی کرکٹ کے کئی ابھرتے ستارے ڈانس فلور پر اپنا لوہا منواتے نظر آئیں گے۔
ایک کھلاڑی ایک حسینہ میں کرکٹ کھلاڑیوں کی ٹیم میں بروڈا سے تعلق رکھنے والے بھارتی ٹیم کے تیز گیندباز عرفان پٹھان، ہربھجن نگھ، شری سنتھ، نکھل چوپڑہ، دنیش کارتھیک اور ونود کامبلی شامل ہے جب کہ حسینائیں جو اِن کھلاڑیوں کو ڈانس فلور پر کانٹے کی ٹکر دیں گی اُن میں مونا سنگھ، شمع سکندر، نگار خان اور برکھا بشٹ کا نام سر فہرست ہے۔