ریپبلیکن صدارتی امیدوار 2007 کی صدارتی بحث کے دوران
امریکہ میں ان دنوں صدارتی انتخابات کا موسم ہے۔ ڈیمو کریٹ اور ریپبلکن صدارتی امیدواروں کے درمیان انتخابی معرکہ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ 4نومبر کے صدارتی انتخابات سے قبل ریپبلکن امیدوارجان مکین اور ڈیمو کریٹک امیدوار براک اوباما کے درمیان 3 نہایت اہم مباحثے منعقد کئے جائیں گے۔ ان صدارتی صدارتی مباحثے کے لئے امریکہ میں ،گریٹ ڈیبیٹ ، کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔
امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے دونوں صدارتی امیدوار جان مکین اور براک اوباما کے درمیان تین نومبر کے صدارتی معرکے کا فیصلہ کس کے حق میں ہوگا ،سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اس کا انحصار آنے والے دنوں میں ہونے والی تین انتہائی اہم ڈیبیٹ پر ہے۔
ٹیلی ویژن اورانٹرنیٹ کی ترقی نے مباحثوں کو امریکی انتخابات کی اہم روایت بنا دیا ہے۔ جن میں صدارتی امیدوار بحث و مباحثے کے ذریعے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنے کے ساتھ عوام کو اہم قومی اور خارجہ معاملات پر اپنی پالیسیوں سے آگاہ کرتے ہیں۔ امیدوار کے الفاظ ،چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج کا ہر ہر پہلو سیاسی تجزیہ نگاروں اور عوام کی عدالت میں جراحی کے ایک پیچیدہ مرحلے سے گزرتا ہے۔
امریکہ میں صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلاباقاعدہ مباحثہ 1960میں نائب صدر نکسن اور ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار جان ایف کینیڈی کے درمیان ہوا تھاجو ٹیلی ویژن دیکھنے والوں کے مطابق جان ایف کینیڈی نے جیت لیا۔ ا س کے بعد پہلی باقاعدہ صدارتی ڈیبیٹ 1976میں صدر جیرالڈ فورڈ اور ان کے ڈیمو کریٹک حریف جمی کارٹر کے درمیان ہوئی اور تب سے صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثے امریکی صدارتی انتخابات کالازمی حصہ بن گئے۔
امریکہ میں 1988کے صدارتی انتخابات کے بعد سے امیدواروں کے درمیان صدارتی مباحثے کروانا ایک آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کی زمہ داری ہے۔ جو ہر صدارتی انتخاب سے پہلے امیدواروں کے درمیان تین مباحثے کرواتا ہے۔
مباحثوں کو نشر کرنے کے حقوق اور سپانسر شپ حاصل کرنے کے لئے ٹیلی ویژن اور انٹر نیٹ کے بڑے بڑے ادارے ایک دوسرے کے مقابلے پر ہوتے ہیں۔ مباحثے امیدوار کی مقبولیت کم یا زیادہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کا مقصد صرف پوائنٹ سکور کرنا نہیں ہوتا بلکہ یہ سوالات اور ان کے جوابات پر مبنی ہوتے ہیں جن پر دیگر امیدوار اپنی رائے بھی دیتے ہیں۔ ویب استعمال کرنے والے بھی امیدواروں سے اپنے سوالات کر سکتے ہیں۔
گزشتہ تیس سالوں کے دوران امریکہ کے صدارتی مباحثوں میں کبھی ملکی اور کبھی خارجہ امور زیر بحث آتے رہے مگر 2004اور اب 2008کے صدارتی مباحثوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ صدارتی بحث کا اہم ترین موضوع بن گئی ہے۔ ۔