شاہ رخ اور کترینا نیپال کی شاہی تقریب میں شرکت کریں گے
ہما ہارون ممبئی September 25, 2008
شاہ رخ خان
بالی وڈ میں ایک دوسرے کی دوستی کی قسمیں کھانے والے کنگ خان شاہ رخ اور سلمان خان کے درمیان ان دنوں بات چیت بالکل بند ہے۔ جھگڑے کی وجہ بنی سلمان کی دوست کترینا کیف۔ تاہم اِس کے باوجود کترینا بہت جلد شاہ رخ کے ساتھ ایک پرائیویٹ شاہی تقریب میں ڈانس کرتی نظر آئے گی۔
اگلے ماہ اکتوبر میں بھوٹان کے نئے راجا جیگمے کھیس ر وانگ چک کی تاج پوشی کی رسم کی تقریب میں شرکت کے لیے ایک بھارتی وفد تِھمپو شہرکے لیے روانہ ہوگا۔ اس وفد میں سیاسی ہستیوں کے ساتھ بالی وڈکے ستارے شاہ رخ خان اور کترینا کیف بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھوٹان کے نئے27 سالہ بادشاہ نے اپنی تعلیم بھارت میں حاصل کی ہے ۔ ہندی فلمیں اُن کی بہت بڑی کمزوری ہے، اور نوجوان بادشاہ ویلکم، نمستے لندن اور سنگھ از کنگ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والی خوب صورت کترینا کے بہت بڑے مداح ہیں۔ اور اسی�لیے بھوٹان کے شاہی محل کی جانب سے کترینا کیف کو بھی خصوصی دعوت نامہ بھیجا گیا۔
مانا جارہا ہے کہ شاہ رخ اور کترینا کیف تِھمپو شہر کے فٹ بال اسٹیڈیم میں نئے بادشاہ کی تاج پوشی کے موقعے پر ایک ساتھ ڈانس کریں گے۔ واضح رہے کہ کترینا نے شاہ رخ خان کے ورلڈ اسٹیج شو ’ٹیم ٹیشن ری لوڈیڈ‘ میں حصہ لینے کے لیے بھی حامی بھر لی ہے اور وہ اکتوبر میں دوبئی میں ہونے والے اسٹیج شو میں شاہ رخ کے ساتھ تھرکتی نظر آئیں گی۔
افواہ یہ بھی ہے کہ کترینا کے شاہ رخ خان کے ساتھ بڑھتے پیشہ ور رشتے سلمان اور کترینا کے درمیان نوک جھوک کی وجہ بن رہے ہیں۔ کترینا کے دل کے قریب رہنے والے اُن کے عزیز دوست سلمان خان بالی وڈ کے بادشاہ سے اتنے زیادہ ناراض ہیں کہ انھوں نے اپنے گیم شو’ دس کا دم ‘میں آئی مہمان اداکارہ رانی مکھرجی کی ضد کے باوجود بھی شاہ رخ کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے انکار کر دیا۔ شاہ رخ فی ا لحال اِس پورے معاملے پر کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کترینا کا شمار بالی وڈ کی صف اول کی ہیروئینوں میں ہوتا ہے۔ اور کترینا اپنی کامیابی کو کیش کرانا جانتی ہے۔ اسی لیے سلمان کی ناراضگی کے باوجود کترینا نے شاہ رخ کے ساتھ یش راج بینر کی ایک فلم بھی سائن کر لی ہے۔