امریکی وزیر دفاع نے کوسوو کے لیے اپنی حمایت کی ازسر نو توثیق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امریکی فوجی وہاں کم ازکم 2009ء تک موجود رہیں گے۔
کوسوو نے فروری میں جب سے سربیا سے آزادی کا اعلان کیا ہے، رابرٹ گیٹس کوسوو کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین امریکی عہدے دار ہیں ۔ منگل کے روز انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ امریکہ کوسوو کی علاقائی سالمیت کا زبردست حامی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کوسوو کی نسلی بنیاد پر تقسیم مسئلے کا حل نہیں ہے، جیسا کہ کچھ سربوں نے تجویز دی تھی۔
اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے ایک حصے کے طورپرامریکہ کے کوسوو میں تقریباً 15 سو فوجی موجود ہیں۔
سربیا کوسوو کو اپنا مذہبی اور تاریخی مرکز سمجھتا ہے اور اس نے بھی روس کی طرح اس کی جانب سے آزادی کے اعلان کو مسترد کردیا ہے۔