عالمی سٹاک مارکیٹوں میں پیر کے بڑے نقصانات کے بعد منگل کو ملے جلے رجحانات دکھائی دے رہے ہیں۔
یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں ایک اور دو فی صد اضافے کے درمیان سودے ہورہے ہیں ۔ جاپان کے اہم انڈکس میں تین فی صد کمی واقع ہوئی مگر تائیوان اور کوریا کی مارکیٹوں میں اضافے کا رجحان رہا۔
پیر کے روز امریکہ کے سب سے معروف اسٹاک انڈکس چار سال میں پہلی مرتبہ دس ہزار پوانٹس پربند ہوئے ۔ جب کہ پچھلے روز ڈاؤ جونز انڈسٹریل کے سودوں میں اوسط ساڑھے تین فی صد سے کم ہوگئی تھی۔
منگل کے روزتاجر آسٹریلیا کے مرکزی بینک کی جانب سے سود کی شرح میں کٹوتی پر ردعمل ظاہرکررہے ہیں اور انہیں یہ توقع ہے کہ دوسرے مرکزی بینک بھی قرضوں میں نرمی لانے کے لیے ایسی ہی کوشش کریں گے۔
امریکہ نے جمعے کے روز مالیاتی اداروں کے لیے امدادی منصوبہ منظور کیا تھا اور صدر جارج بش نے کہا تھا کہ سرمایہ کاروں کو چاہیئے کہ وہ سات کھرب ڈالر کے منصوبے کے اثرات ظاہر ہونے کے لیے کچھ انتظار کریں۔