یورپی یونین کے مبصرین جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں
روس کے فوجی سربراہ کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جنوبی اوسیتیا کے علاحدہ ہونے والے جارجیا کے علاقےکے بفر زون سے روسی فوجیں پسپا ہو جائیں گی۔
جنرل مارت کُلاخموتوف نے منگل کے روز بتایا کہ ماسکو کے وقت کے مطابق بدھ کی صبح جارجیا کے ساتھ اوسیتیا کی سرحد سے فوجیں ہٹا لی جائیں گی۔
کُلاخموتوف جنوبی اوسیتیا میں روسی امن کار فوجوں کے سربراہ ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ فوجوں کی پسپائی 24 گھنٹوں کے اندر اندر مکمل ہوجائے گی۔
گذشتہ ماہ فرانس کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے تحت روسی حکومت نےاِس بات کا اعادہ کیا ہے کہ جمعے کے روز تک اُس کی فوجیں جارجیا کا غیر متنازعہ علاقہ چھوڑ دیں گی۔
روسی فوجوں نے پچھلے اگست میں اُس وقت جارجیا پر دھاوا بولا تھا جب جارجیانے روس نواز جنوبی اوسیتیاکے علاحدگی پسندوں پر فوج کشی کر دی تھی۔
روس نے اوسیتیا اور ابخازیہ کی خودمختاری کو تسلیم کر لیا ہے، جس پر مغربی حکومتوں نےنکتہ چینی کی ہے۔