فلم ساوریا باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئی لیکن سونم کی کارکردگی کو خاصا سراہا گیا تھا
انل کپور اپنی صاحب زادی سونم کپور کے کیریر کو پروان چڑھانے کے لیے فلم بنا رہے ہیں۔
ہندی فلم انڈسٹری میں دو عشرے سے ذیادہ کا وقت گزارنے والے 48 سالہ انل کپور کا شمار بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ چاہے وہ فلم ’وہ سات دن ’کا پریم پرتاپ پٹیالے والا ہو یا فلم ’تیزاب’ کا منا،فلم ’چمیلی کی شادی’ کا چرن داس یا فلم ’تال’ کا ویکرانت، ہر کردار کو انل نے بڑی لگن اور محنت کے ساتھ فلمی پردے پر پیش کیا۔ اُن کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حال ہی میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلمی میلے میں انل کی نئی فلم ’سلَم ڈاگ ملینیئر‘ کوپیپلز چائس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اور اب بہت جلد انل اپنی بیٹی سونم کے لیے ایک فلم بنائیں گے۔ برطانوی ناول نگار جین اوسٹن کےشاہ کار ناول ’ایما’ پر بننے والی اس فلم میں سونم مرکزی کردار نبھائیں گی۔
واضح رہے کہ انل کپور کی بیٹی سونم نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ساوریا‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا۔ بھلے ہی سونم کی پہلی فلم باکس آفس پر کوئی خاص کرشمہ دکھانے میں ناکام رہی، پر فلم نقادوں نے سونم کی اداکاری اور خوبصورتی کی دل کھول کر تعریف کی تھی۔
سونم جین آسٹن کے ناول کی ہیروئن بنیں گی
یہ پہلی بار نہیں جب کوئی باپ اپنے لختِ جگر کےفلمی کیرئیر کو کامیاب بنانے کے لیے فلم بنانے جارہا ہے۔ ہندی فلم انڈسٹری میں یہ روایت کافی پرانی ہے۔ اجے دیوگن، فردین خان، اودے چوپڑا، زید خان، پوجا بھٹ، عمران ہاشمی جیسے کئی فلمی ستاروں کے فلمی کیریر کو پروان چڑاھانے میں اُن کےرشتےداروں کاہاتھ رہا ہے۔
انل کپور کی ہوم پروڈکشن کی اس نئی فلم میں سونم کے علاوہ بالی وڈ کے کئی اہم اداکاروں کو سائن کیا جائے گا۔ دیگر تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔