اب جب کہ سرمایہ کاروں اور عہدے داروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کہہ رہی ہے کہ عالمی مالیاتی بحران سے دنیا بھر میں کساد بازاری پیدا ہوسکتی ہے،تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی آرہی ہے۔
بدھ کے روز نیویارک میں الیکٹرانک تجارت کے دوران خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت لگ بھگ ساڑھے تین ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ ستمبر 2007ءکے بعد سے تیل کی کم ترین قیمت ہے۔
تیل کی قیمتیں اس وقت جولائی میں 147 ڈالر فی بیرل کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے کے بعد اب 48 فی صد تک گر چکی ہیں۔
اسی دوران، ان خدشات کے پیش نظر کہ مالیاتی بحران تیل کی مانگ میں کمی کردے گا، اوپیک ممالک نے 2009ءکے لیے مانگ کے تخمینوں کو مسلسل دوسرے مہینے بھی کم رکھا۔
اوپیک کی بدھ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی بحران دنیا بھر کی معیشتوں کو یقینی طورپر متاثر کررہاہے اور تیل کی مانگ کو کم کررہاہے خاص طورپر امریکہ میں۔
اوپیک دنیا بھر کے خام تیل کا تقریباً 40 فی صد پید اکرتا ہے۔