بغداد میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس ماہ کے شروع میں اتحادی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے ایک شخص کو عراق میں القاعدہ کے سیکنڈ ان کمانڈ کے طورپر شناخت کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز فوج نے کہا کہ ابوقسوار ہ پانچ اکتوبر کو موصل میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہونے تک شمالی عراق میں القاعدہ کی قیادت کرتا تھا اور وہ ابوسارا کے نام سے بھی معروف تھا۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ مراکو نژاد عسکریت پسند کے عراق میں القاعدہ کے بانی مرحوم ابومصعب الزرقاوی کے ساتھ تعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابوقسوارہ نے افغانستان میں القاعدہ کے ساتھ تربیت حاصل کی اور شمالی عراق میں غیر ملکی دہشت گردوں کی تحریک کی قیادت کی تھی۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ ابو قسوارہ کی موت سے القاعدہ نیٹ ورک کو دھچکا پہنچے گا۔
امریکی قیادت کا اتحاد عراق کے بیشتر حصے میں تشدد کم کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے لیکن شمالی علاقوں میں ابھی کچھ شورش باقی ہے۔