 |
| اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون |
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پوری دنیا میں خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ ان کے بقول یہ ایک عالمی بحران ہے۔
آج پیر کے دن انہوں نے اقوامِ متحدہ، عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ایک ہنگامی اجلاس سے اس مسئلے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کا تخمینہ ہے کہ دینا کے تقریباً دس کروڑ غریب ترین افراد اپنی ضرورت کی خوراک موجودہ قیمتوں پر خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اقوامِ متحدہ کے عالمی خوراک کے پروگرام کے ادارے نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے تقریباً پون کھرب ڈالر کی اضافی امداد کی اپیل کی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ خوراک کے اس بحران کی زد میں کم از کم 37 ممالک آچکے ہیں۔ ان میں برکینا فاسو، کیمرون، ہیٹی، ائیوری کوسٹ، مصر اور سینی گال وغیرہ شامل ہیں۔