مسلمز امریکہ کی قسط راک اینڈ رول مسلمان میں ہم آپ کی ملاقات کروا رہے ہیں عمر وقار سے جو کیلی فورنیامیں پیدا ہونے والے امریکی مسلمان ہیں۔ وہ راک موسیقی کو قدیم روایتی ہندوستانی لوک موسیقی کی آمیزش کے ساتھ متعارف کروا رہے ہیں۔عمر کے خیال میں موسیقی نہ صرف ایک ثقافت کا نام ہے بلکہ یہ ایک اُمنگ بھی ہے۔ اپنی موسیقی کےبارے میں عمر کا کہنا ہے کہ وہ روحانیت، انفرادیت اور راک اینڈ رول اور صوفی کلام کے امتزاج کی صنف پر تجربہ کر رہے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ میں دنیاداری اور حق کے ساتھ محبت کے تصورات کو سامنے رکھتے ہوئے تجربے کر رہا ہوں۔ کبھی کبھار سیاسی مواد بھی شامل کردیتا ہوں، اور یہ کہ راک اینڈ رول سے کوئی خوف نہیں کھانا چاہیئے۔اگر کوئی مختلف آواز آپ کو اپنے طرف کھینچ رہی ہو تو آپ خوف زدہ نہ ہوں۔ عمر کی نئی موسیقی کو ’سرمست‘کے نام سے منسوب کیا گیا ہے،جِس میں قوالی کی قدیم صوفی موسیقی کا نقش نمایاں ہے۔ جب کہ اُن کی اپنی صنف راک اینڈ رول ہے۔ ایک امریکی مسلمان کی حیثیت سے وہ’ راک اینڈ رول‘ اور’صوفیانہ کلام‘ کے امتزاج سے ایسی کاوش سامنے لا نا چاہتے ہیں جِس سے مسلمانوں کا مثبت تاثر اُبھرسکے۔